5 مئی 2012 - 19:30

عباس جعفری نے کہا: مسیحی دانشور سلیمان کتانی کی کتاب "فاطمۃ الزہرا (س)؛ وتر فی غمد" کے عنوان کے تحت لکھی جانے والی کتاب شائع ہوگئی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا – کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری حجت الاسلام عباس جعفری نے "فاطمۃ الزہرا (س)؛ وتر فی غمد" کے عنوان کے تحت لکھی جانے والی کتاب کی اشاعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "حضرت زہرا (س) کی شخصیت اور آپ کی مقام و منزلت اس قدر گوناگوں پہلوؤں کی حامل ہیں کہ محققین و مصنفین اس موضوع کے بارے میں لاتعداد کتب اور مقالات لکھنے کے بعد بھی اپنے قلم کے جوہردکھا رہے ہیں۔ اور یقیناً آئندہ بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری و ساری رہے گا۔ یہودیت، عیسائیت اور زرتشتیت جیسے دیگر ادیان سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی آپ کی شخصیت سے متعلق کتابیں تحریر کی ہیں۔ سلیمان کتانی نامی ایک مسیحی دانشور اہل بیت علیہم السلام، دینی موضوعات اور اسلامی علماء سے اس قدر شغف اور محبت رکھتے ہیں  کہ انہوں نے اب تک پیغمبر (ص)، امام علی (ع)، حضرت زہرا (س)، امام حسن (ع)، امام حسین (ع) اور امام خمینی (رہ) کے بارے میں دسیوں کتابیں رقم کی ہیں۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: "مسیحی مصنف کے قلم سے نکلنے والی اس کتاب کی طرزنگارش، ادبیات اور مواد اپنی مثال آپ ہے جسے آخری چند دہائیوں میں سامنے آنے والے تالیف کے شاہکاروں میں شمار کیا جاسکتا ہے۔ "فاطمۃ الزہرا (س)؛ وتر فی غمد" کو پہلی بار حضرت زہراء (س) کے بارے میں کتابوں کی نگارش سے متعلق انعامی مقابلہ میں بہترین کتاب کے عنوان سے انعام سے نوازا گیا۔ یاد رہے کہ یہ مقابلہ نجف اشرف کے بڑے کتب خانہ کی طرف سے منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ کتاب کئی بار لبنان – جو پہلی بار سن 1968 عیسوی میں شائع ہوئی–، ایران اور دیگر اسلامی و غیر اسلامی ممالک سے چھپ چکی ہے۔ کتاب کی اہم ترین بحثوں میں ماحولیات اور تربیت؛ حضرت خدیجہ (س)؛ بعثت پیامبر (ص)؛ طلوع اسلام اور رونما ہونے والے حوادث؛ علی (ع) کے گھر میں؛ سقیفہ کی کہانی؛ وتر فی غمد؛ رسول (ص) کی بیٹی؛ علی (ع) کی اہلیہ؛ حسن و حسین علیہم السلام کی والدہ ماجدہ؛ ورثہ؛ رحلت؛ اور شہادت شامل ہیں۔ حجت الاسلام جعفری نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا: اس کتاب کی تحقیق شورائے کتاب کے 74ویں اجلاس میں جناب شیخ محمد الساعدی کی کوششوں سے ممکن ہوئی اور اس کی تین ہزار کاپیاں نشر ہوکر بازار میں آچکی ہیں۔ شائقین اس کتاب کے برقی متن اور ادارے کے دیگر منشورات کے حصول کے لئے www.ahlulbaytportal.com سے رجوع کرسکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/110